شوگر ملوں سے بہتا زہریلا فضلہ جنوبی سندھ کو ویران کر دے گا

postImg

رضا آکاش

postImg

شوگر ملوں سے بہتا زہریلا فضلہ جنوبی سندھ کو ویران کر دے گا

رضا آکاش

بدین میں امیر شاہ سیم نالے کے کنارے قدیم گاؤں آسیلی پر آسیب زدہ جگہ کا گمان ہوتا ہے۔ چند سال پہلے تک بھرا پُرا یہ گاؤں اب مکینوں سے خالی ہو چکا ہے اور ٹوٹے پھوٹے مکانوں، سونی گلیوں اور اجاڑ راستوں پر اب ڈھونڈے سے بھی کوئی انسان دکھائی نہیں دیتا۔

بدین کی تحصیل گولاڑچی کی حدود میں یہ گاؤں تقریباً ایک صدی تک آباد رہا ہے۔ تاہم اب اس کے تمام باسی ہجرت کر کے بدین شہر اور گردونواح میں منتقل ہو گئے ہیں۔ انہی لوگوں میں شامل کاشف قادر میمن بتاتے ہیں کہ وہ آسیلی میں پیدا ہوئے تھے جہاں ان کا خاندان کئی نسلوں سے آباد تھا۔ ان کے اجداد کی قبریں بھی وہیں ہیں مگر اب چاہتے ہوئے بھی وہ اپنے گاؤں میں واپس نہیں جا سکتے۔

کاشف بدین کے گورنمنٹ ہائی سکول میں پڑھاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آسیلی کی ویرانی کا سبب امیر شاہ سیم نالہ (گونی پھلیلی آؤٹ فال ڈرین) ہے جسے ماتلی میں واقع انصاری شوگر مل میں الکوحل بنانے والے ڈسٹلری یونٹ سے خارج ہونے والے زہریلے مواد نے آلودہ کر دیا ہے۔

نالے سے نکلنے والی گیسوں سے گاؤں کے لوگ بیمار ہو کر مرنے لگے تو سبھی نے اپنی زمینیں اونے پونے داموں بیچ کر شہروں کو ہجرت کر لی۔

آسیلی کے قریب سیم نالے کی دوسری جانب ترائی نامی قصبہ ہے جس کی آبادی پانچ ہزار ہے۔ یہاں رہے والے اسلم آزاد سموں بتاتے ہیں کہ سیم نالے سے زہریلی گیسوں اور بدبو کے اخراج سے ناصرف ترائی بلکہ آس پاس کے دیہات میں رہنے والے تمام لوگوں کی صحت و زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور لوگ تیزی سے نقل مکانی کرتے جا رہے ہیں۔

'کبھی یہ علاقہ سُگداسی چاول کی خوشبو سے مہکتا تھا'

گولاڑچی کے مشرق میں واقع قصبے کھور واہ کے لوگ بھی انہی حالات کا شکار ہیں۔ یہ قصبہ گونگڑو سیم نالے کے کنارے واقع ہے جو ٹںڈو محمد خان کی شاہ مراد شوگر مل اور سجاول کی دیوان شوگر مل کے ڈسٹلری یونٹ کی گندگی سے اٹ چکا ہے۔

کھور واہ کے سماجی کارکن عبدالغنی چنا بتاتے ہیں کہ کبھی یہ علاقہ سُگداسی چاول کے ذائقے اور خوشبو کے لئے مشہور تھا لیکن اب یہاں بدبو کے مستقل ڈیرے ہیں۔

امير شاہ اور گونگڑو بدین اور سجاول اضلاع سے گزرنے والے بڑے سیم نالے ہیں۔ انہیں بارشوں کے موسم میں بدین، سجاول اور ٹنڈو محمد خان کے سیلابی پانی کو سمندر تک پہنچانے کے مقصد کے تحت بنایا گیا تھا۔ لیکن پچھلے بیس سال سے یہ دونوں نالے ان اضلاع کی شوگر ملوں کی ملکیتی 'گٹر' بن کر رہ گئے ہیں۔

سندھ میں 30 شگر ملیں چل رہی ہیں جن میں 13 انہی تینوں اضلاع میں واقع ہیں۔ ان میں بدین اور ٹنڈو محمد خان میں پانچ پانچ جبکہ سجاول میں تین ملیں قائم ہیں۔ نومبر سے جون تک یہ ملیں روزانہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ ان سیم نالوں میں ڈالتی ہیں۔

انصاری شوگر مل کے ڈسٹلری یونٹ کا زہریلا مواد امیر شاہ سیم نالے میں ڈالا جاتا ہے جبکہ دیوان شوگر ملز اور شاہ مراد مل کا پانی گونگڑو نالے میں چھوڑا جاتا ہے۔ اس طرح بدین، گولاڑچی، میرپور بٹھورو اور جاتی تحصیلوں میں 800 سے زیادہ دیہات کی پانچ لاکھ آبادی ان نالوں سے براہ راست متاثر ہو رہی ہے۔

بھیڑ، بکری، انسان سب بیمار پڑے ہیں

تعلقہ ہسپتال گولاڑچی کے ڈاکٹر رمضان آرائیں نے لوک سجاگ کو بتایا کہ سیم نالوں کے زہریلے پانی کے باعث ان علاقوں میں ہیپاٹائٹس اور کینسر جیسے خطرناک امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ نالوں کے آس پاس دیہات میں جلد کے امراض اور الرجی کے ساتھ سانس کی بیماریاں اور پھیپڑوں کا کینسر بھی عام ہو گیا ہے۔

گونگڑو نالے کے کنارے ایک سو گھروں پر مشتمل گوٹھ سومار لوٹھیو کے رہنے والے رشید لوٹھیو کہتے ہیں کہ نالے کا آلودہ پانی مویشیوں کی صحت کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ اسی گاؤں کے غلام لوٹھیو کی پانچ بکریاں اور بچایو ملاح کی تین بھینسیں اس نالے کا پانی پی کر مر گئی ہیں۔

بدین، سجاول اور ٹنڈو محمد خان کے سیکڑوں دیہات میں پھیلے سیم نالوں کا آلودہ پانی پینے سے لاتعداد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

بدین میں محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری افسر ڈاکٹر عمران میمن بتاتے ہیں کہ امیر شاہ اور گونگڑو سیم نالوں کے آس پاس علاقوں میں 40 سے 50 فیصد بھیڑ بکریوں، گائے بھینسوں اور اونٹوں کی اموات انہی نالوں کے زہریلے پانی سے ہوتی ہیں۔

"اس علاقے میں دسمبر سے جون تک چھ مہینے پینے کے پانی کا شدید بحران ہوتا ہے۔ جب جانوروں کے لئے صاف پانی میسر نہ ہو تو وہ سیم نالوں سے پانی پی لیتے ہیں اور پیٹ کی بیماریوں، کئی طرح کے ٹیومر اور کینسر کا شکار ہو کر مر جاتے ہیں۔ گرمی کے موسم میں مویشی ان نالوں کے پانی میں رہتے ہیں جس سے انہیں جلدی بیماریاں آ لیتی ہیں۔"

نالوں کے بند کیوں ٹوٹ جاتے ہیں؟

امیر شاہ اور گونگڑو سیم نالوں کی تباہ کاری ان کے دو سو کلومیٹر تک پھیلے کمانڈ ایریا میں عام دکھائی دیتی ہے۔ ایک تو یہ نالے شوگر ملوں کے زہریلے مواد سے اٹے پڑے ہیں اور پھر ان کی صفائی کرنے یا ان کے کنارے مضبوط بنانے کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے ہر سال بارشوں میں ان کے بند ٹوٹ جاتے ہیں اور زہریلا پانی کھیتوں میں داخل ہو کر انہیں بنجر کر دیتا ہے۔

 امیر شاہ سیم نالے کے کنارے واقع بچل حجام گاؤں کے غفور حجام 16 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں جہاں کبھی وہ چاول، سورج مکھی، گندم اور سرسوں کاشت کیا کرتے تھے لیکن اب ان کی زمین ویران پڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال بارشوں کے موسم میں اس نالے میں شگاف پڑ جاتا ہے جس سے نالے کا زہریلا پانی زرعی زمینوں میں پھیل کر انہیں خراب کر دیتا ہے۔

بچل حجام کے قریب آسیلی جیسے ایک اجڑے گاؤں مٹھو میمن کے زمیندار رمضان میمن نے بتایا کہ اس گاؤں کے لوگوں کی ڈھائی ہزار ایکڑ زرعی زمین ہر سال آنے والے زہریلے پانی سے تباہ ہو گئی ہے جس کے بعد تمام لوگ شہر کو نقل مکانی کر گئے ہیں۔

'ٹریٹمینٹ پلانٹ لگانے پر چھ کروڑ روپے خرچ آتا ہے'

سندھ کے ساحلی علاقوں میں ماحولیات پر تحقیق کرنے والے ابوبکر شیخ نے لوک سجاگ کو بتایا کہ قانون کے مطابق ہر مل میں ایسا فلٹر اور ٹریٹمینٹ پلانٹ لگانا لازم ہے جس کے ذریعے فضلے کو صاف کر کے ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ اگر اس قانون پر عمل کیا جائے تو ملوں سے خارج ہونے والے پانی کو 80 سے 90 فیصد تک صاف کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں کا ڈسٹلری یونٹ سارا سال چلتا رہتا ہے جس میں ایتھانول الکوحل کشید کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گنے کے رس سے ایک لیٹر الکوحل کشید کرنے کے لئے 15 لیٹر پانی استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ مگر یہ ملیں اس حد سے دس پندرہ گنا زیادہ پانی استعمال کرتی ہیں۔

جب یہ پانی کشید کے عمل سے گزر کر خارج ہوتا ہے تو اس میں کئی طرح کے کیمیائی مادے شامل ہو چکے ہوتے ہیں۔ ان میں سے جو پانی میں حل نہیں ہو سکتے وہ سطح آب پر تہہ بنا لیتے ہے جس کے باعث پانی میں آکسیجن کی مقدار کم ہو جاتی ہے اور آبی مخلوق ہلاک ہو جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

postImg

تھرپارکر میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار: 'ہماری زمینیں زبردستی لی جا رہی ہیں اور ہمارا رہن سہن بدلا جا رہا ہے'۔

ایک شوگر مل کے اہلکار نے لوک سجاگ کو بتایا کہ شوگر مل کے فضلے کو صاف کرنے کے پلانٹ کی تنصیب پر چھ کروڑ روپے سے زیادہ خرچہ آتا ہے اور اس کو چلانے کے اخراجات الگ ہیں اس لئے مل مالکان پلانٹ لگانے سے گریز کرتے ہیں۔

'صاحب چھٹی پر ہیں'

قانون دان ڈاکٹر روشن علی کہتے ہیں کہ تحفظ ماحولیات ایکٹ 1997ء کے تحت کوئی بھی فرد یا کمپنی کوئی زہریلا کیمیائی مادہ یا فضلہ عام ماحول میں خارج نہیں کر سکتے۔ ایسا کرنے کی صورت میں کمپنی کو جرمانہ اور اس کے مالک کو دو سال قید کی سزا ہو گی اور کمپنی پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس قانون کے تحت سینئر سول جج ماحولیاتی میجسٹریٹ ہوتا ہے مگر سندھ میں کوئی بھی ایسی عدالت نہیں ہے جو ماحول کو تحفظ دے۔

سپریم کورٹ کے قائم کردہ سندھ واٹر کمیشن کے سربراہ ریٹائرڈ جسٹس امیر حانی مسلم نے جنوری 2019ء میں ایک فیصلے میں کہا تھا کہ تمام شوگر ملوں میں پانی صاف کرنے کے پلانٹ کی موجودگی ضروری ہے لیکن اس حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔

اس معاملے میں گولاڑچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاشم مسعود نے ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ انہیں عہدے سنبھالے زیادہ دن نہیں ہوئے اور وہ جلد ہی سیم نالوں میں زہریلا مواد پھینکنے والی شوگر ملوں کو نوٹس جاری کریں گے۔

تاریخ اشاعت 5 جون 2023

آپ کو یہ رپورٹ کیسی لگی؟

author_image

رضا آکاش خانانی بدین سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ گذشتہ پندرہ سالوں سے صحافت سے وابستہ ہیں اور ساحلی علاقوں کے مختلف ماحولیاتی، سماجی، انسانی و ثقافتی مسائل پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔

thumb
سٹوری

بہاولپور میں طالبہ کا سفاکانہ قتل، پولیس مرکزی ملزم تک کیسے پہنچی؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceزبیر خان

نئی نہروں کا مسئلہ اور سندھ کے اعتراضات

thumb
سٹوری

شام میں ملیشیا کے کیمپوں میں محصور پاکستانی جنہیں ریاست نے اکیلا چھوڑ دیا

arrow

مزید پڑھیں

User Faceزبیر خان
thumb
سٹوری

زرعی انکم ٹیکس کیا ہے اور یہ کن کسانوں پر لاگو ہوگا؟

arrow

مزید پڑھیں

عبداللہ چیمہ
thumb
سٹوری

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، عوام کے تحفظ کا ادارہ یا استحصال کاہتھیار؟

arrow

مزید پڑھیں

سہیل خان
thumb
سٹوری

کھانا بنانے اور پانی گرم کرنے کے لیے بجلی کے چولہے و گیزر کی خریداری کیوں بڑھ رہی ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

آصف محمود

پنجاب: حکومتی سکیمیں اور گندم کی کاشت؟

thumb
سٹوری

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے کاشتکار ہزاروں ایکڑ گندم کاشت نہیں کر پا رہے۔ آخر ہوا کیا ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceمحمد زعفران میانی

سموگ: ایک سانس ہی ہم پر حرام ہو گئی

thumb
سٹوری

خیبر پختونخوا میں ایڈز کے مریض کیوں بڑھ رہے ہیں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاسلام گل آفریدی
thumb
سٹوری

نئی نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج اور مظاہرے کیوں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceمنیش کمار
thumb
سٹوری

پنجاب: محکمہ تعلیم میں 'تنظیم نو' کے نام پر سکولوں کو'آؤٹ سورس' کرنے کی پالیسی، نتائج کیا ہوں گے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceنعیم احمد
Copyright © 2025. loksujag. All rights reserved.
Copyright © 2025. loksujag. All rights reserved.