مذہب کی جبری تبدیلی اور شادی کا مقدمہ: کمسن مسیحی لڑکی کے والدین پولیس اور عدالت دونوں سے مایوس۔

postImg

نعیم احمد

loop

انگریزی میں پڑھیں

postImg

مذہب کی جبری تبدیلی اور شادی کا مقدمہ: کمسن مسیحی لڑکی کے والدین پولیس اور عدالت دونوں سے مایوس۔

نعیم احمد

loop

انگریزی میں پڑھیں

فیصل آباد کی ضلع کچہری میں پریشانی سے ادھر ادھر چکر کاٹتے آصف مسیح کی آنکھیں بتا رہی ہیں کہ وہ گزشتہ کئی راتوں سے سو نہیں سکے۔ ان کے چہرے پر  امید اور خوف کے ملے جلے تاثرات ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی فرح شاہین، جو ان کے مطابق محض تیرہ سال کی ہے، کئی ماہ سے غائب ہے۔ ان کا الزام ہے کہ فرح شاہین کو خضر حیات نامی ایک 45 سالہ شخص نے اغوا کر کے اسے مسیحی سے مسلمان بنا لیا ہے اور اس سے زبردستی شادی بھی کر لی ہے۔  

سجاگ سے بات کرتے  ہوئے آصف مسیح نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو 25 جون 2020 کو اغوا کیا گیا جس کے اگلے دن وہ مقدمہ درج کروانے فیصل آباد کے ایک مقامی تھانے میں گئے لیکن وہاں ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے مقدمے کے اندراج کے لئے ضلعی جج کی عدالت میں رٹ دائر کی جس نے 19 ستمبر 2020 کو خضر حیات کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا۔

وہ کہتے ہیں'میری بیٹی کو اغواء ہوئے چار ماہ ہو چکے تھے لیکن پولیس اس حوالے سے میری کوئی مدد نہیں کر رہی تھی میں جب بھی تھانے جاتا تھا مجھے گالیاں دی جاتی تھیں۔ پولیس والے کہتے تھے تم چوہڑے ہو، گٹر صاف کرنے والے ہو، یہاں سے بھاگ جاؤ'۔

وہ آج (11 نومبر کو) اس امید پر سینئر سول جج فیصل آباد کی عدالت میں آئے کہ شاید ان کی اپنی بیٹی سے ملاقات ہو جائے اور وہ اسے واپس گھر لے جا سکیں کیونکہ گزشتہ روز اسی عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ آج فرح شاہین اور ان کے مبینہ اغواکار کو عدالت کے سامنے پیش کریں۔

تاہم پولیس نے اس واضح حکم کے باجود دونوں کو عدالت میں پیش نہیں کیا بلکہ عدالت کو بتایا ہے کہ فرح شاہین اور خضر حیات کو ڈھونڈا نہیں جا سکا۔ اس کارروائی کے بعد بھی آصف مسیح کو امید تھی کہ عدالت ان کی بیٹی کی بازیابی کےلیے کوئی نیا حکم نامہ جاری کرے گی لیکن انہیں اس وقت شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی درخواست خارج کر دی گئی اور انہیں کہا گیا کہ وہ ماتحت عدالت سے رجوع کریں جہاں ان کا مقدمہ پہلے سے چل رہا ہے۔

اغوا کی جانے والی فرح شاہین کی والدہ وفات پاچکی ہیں، ان کے والد اپنے چھ بچوں کے واحد کفیل ہیں اور رکشہ پر بار برداری کا کام کر کے اپنی گزر بسر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہےکہ 'انہیں عدالت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے اور وہ پریشان ہیں کہ واپس گھر جا کر اپنے بچوں کو ان کی بہن کے بارے میں کیا بتائیں گے'۔

واقعے کی مزید تفصیل بیان کرتے ہوئے آصف مسیح کا کہنا ہے کہ 'جب پولیس نے عدالتی حکم کے تحت خضر حیات کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کو گرفتار کر لیا تو اس نے فرح شاہین کو ایک مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر کے یہ بیان دلوا دیا کہ اس نے اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کر کے خضر حیات سے شادی کر لی ہے'۔

عدالتی کارروائی

آصف مسیح کے وکیل تنویر اختر رندھاوا کے مطابق پولیس کے تفتیشی افسر نے ریکارڈ میں خود سے ہی فرح شاہین کی عمر 17 سال لکھ دی تھی جس کے بعد ان کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے یہ بیان بھی دلوا دیا گیا کہ وہ بالغ ہیں اور اپنی مرضی سے شادی کر رہی ہیں۔

تنویر اختر رندھاوا کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر کا یہ اقدام سراسر غلط اور خلاف قانون ہے کیونکہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ریکارڈ کے مطابق فرح شاہین کی عمر 13 سال سے کچھ زیادہ بنتی ہے اور اسی بنیاد پر ان کے مؤکل نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ 'ہمارا یہ بھی مؤقف تھا کہ اگر عدالت اس ریکارڈ سے مطمئن نہیں ہے تو وہ فرح شاہین کی عمر کا میڈیکل ٹیسٹ کروا لے'۔

پولیس کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر مصدق ریاض کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ 'انہیں عدالت کی طرف سے فرح شاہین یا خضر حیات کو عدالت میں پیش کرنے کا کوئی حکم موصول نہیں ہوا اور انہوں نے اس مقدمے کے حوالے سے پولیس ریکارڈ پہلے ہی عدالت میں جمع کروا دیا  ہے'۔

فرح شاہین کی عمر زیادہ لکھنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا بلکہ 'لڑکی نے خود عدالت میں پیش ہو کر مجسٹریٹ کے سامنے یہ بیان دیا تھا کہ اس کی عمر 17 سال ہے اور اس نے اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کر کے شادی کی ہے'۔

پنجاب کی وزارت انسانی حقوق کی طرف سے آج عدالت میں پیش ہونے والے وکیل عاطف جمیل پگان کے مطابق سینئر سول جج نے اپنے فیصلے میں آصف مسیح کی درخواست اس بنیاد پر خارج کی ہےکہ ان کی عدالت فرح شاہین کی عمر کا تعین کرنےکے لئے  مناسب فورم نہیں ہے۔

ان کے مطابق 'عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ عمر کے تعین کےلیے میڈیکل ٹیسٹ کروانا متعلقہ علاقے کے مجسٹریٹ کی ذمہ داری ہے اور یہ تب ہو گا جب مقدمے کا چالان مکمل ہو کر اس کی سماعت شروع ہو گی'۔

لیکن عاطف جمیل پگان کا کہنا ہے کہ 'مقدمے کا چالان مکمل ہونے میں چھ ماہ یا اس سےبھی  زائد عرصہ لگ سکتا ہے اور اس دوران خضر حیات کی طرف سے فرح شاہین کے ساتھ کچھ بھی کیا جا سکتا ہے'۔

لہٰذا وہ کہتے ہیں کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ یا لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے تا کہ فرح شاہین کی عمر کا جلد سے جلد تعین کر کے اس کی بازیابی ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے یہ بیان بھی دلوا دیا گیا کہ وہ بالغ ہیں اور اپنی مرضی سے شادی کر رہی ہیں۔

یہ رپورٹ لوک سجاگ نے پہلی دفعہ 11 نومبر 2020 کو اپنی پرانی ویب سائٹ پر شائع کی تھی۔

 

تاریخ اشاعت 28 فروری 2022

آپ کو یہ رپورٹ کیسی لگی؟

author_image

نعیم احمد فیصل آباد میں مقیم ہیں اور سُجاگ کی ضلعی رپورٹنگ ٹیم کے رکن ہیں۔ انہوں نے ماس کمیونیکیشن میں ایم ایس سی کیا ہے اور ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے صحافت سے وابستہ ہیں۔

thumb
سٹوری

جامشورو تھرمل پاور سٹیشن زرعی زمینیں نگل گیا، "کول پاور پراجیکٹ لگا کر سانس لینے کا حق نہ چھینا جائے"

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاشفاق لغاری

پہلا پرکاش: گرو گرنتھ صاحب، شبد(لفظ) رہنما ہیں

thumb
سٹوری

لسانی ہجرت 2023: پنجابی اپنی ماں بولی کو گھروں سے نکال رہے ہیں

arrow

مزید پڑھیں

User Faceطاہر مہدی
thumb
سٹوری

لیبیا میں قید باجوڑ کے سیکڑوں نوجوان کب وطن واپس آئیں گے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاسلام گل آفریدی

جامشورو کول پاور پلانٹ: بجلی مل جائے گی لیکن ہوا، زمین اور پانی سب ڈوب جائے گا

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'نچلی ذات میں پیدا ہونا ہی میری بدنصیبی کی جڑ ہے'

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'مجھے احساس دلایا جاتا ہے کہ میں اچھوت ہوں'

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'میں اس مریضہ کو ہاتھ نہیں لگاؤں گی'

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'تم کلاس روم میں نہیں پڑھ سکتے'

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'وہ میرے ساتھ کھانا اور میل جول پسند نہیں کرتے'

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'تم نے روٹی پلید کر دی ہے'

تعصب اور تفریق کا سامنا کرتی پاکستانی اقلیتیں: 'پانی کے نل کو ہاتھ مت لگاؤ'

Copyright © 2024. loksujag. All rights reserved.
Copyright © 2024. loksujag. All rights reserved.