20 ہزار روپے اور آدھا من آٹا لو اور گڈی کوہلی ہمارے حوالے کرو: تھرپارکر میں جبری تبدیلی مذہب

postImg

اختر حفیظ

postImg

20 ہزار روپے اور آدھا من آٹا لو اور گڈی کوہلی ہمارے حوالے کرو: تھرپارکر میں جبری تبدیلی مذہب

اختر حفیظ

حالیہ دنوں سندھ کے ضلع تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی نوعمر لڑکی گڈی کولہی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ انہیں اغوا کر کے زبردستی ان کا مذہب تبدیل کرایا گیا، جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور سال بھر زنجیروں میں جکڑ کر قید رکھا گیا۔

گڈی کا تعلق تھرپارکر کے علاقے چیلہار سے ہے جو مٹھی سے 30 کلومیٹر واقع ہے۔ وہ ماں باپ اور بڑی بہن کے ساتھ ایک جھونپڑی نما گھر میں رہتی ہیں۔ ان کے دونوں والدین کھیت مزدوری کر کے روٹی کماتے ہیں۔

گڈی کی والدہ سیتا کے بقول ایک سال پہلے وہ دونوں ماں بیٹی لکڑیاں چننے کے لئے گئیں تو گھر سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر بکھو گاؤں میں رستم جونیجو نامی شخص اور اس کے دو ساتھیوں نے گڈی کو اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا۔ اس وقت گڈی کی عمر 14 برس تھی۔

" جب گڈی کو رستم نے اغوا کیا تو مجھے اور میرے شوہر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں جس کی وجہ سے ہم مقدمہ درج نہیں کرواسکے تاہم میں نے بکھو گاؤں کے زمیندار سجن جونیجو اور میر جونیجو کے سامنے فریاد کی مگر وہ ٹالتے رہے "۔

بیس اپریل 2023ء کو پولیس نے سیتا کو اطلاع دی کہ گڈی اغوا کاروں کے چنگل سے بھاگ کر تھانے پہنچ گئی ہیں۔ گڈی کو رستم نے اپنے گاؤں ہرپار میں قید رکھا جو کہ گڈی کے گاؤں سے پانچ کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

گڈی کی وڈیو کے بعد واقعے کی تفصیلات میڈیا پر آئیں تو سماجی تنظیموں نے ان کے حق میں آواز اٹھائی جس کے نتیجے میں گڈی اپنے اغوا کاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے میں کامیاب ہوگئیں۔
اب تک اس مقدمے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

ایف آئی آر میں نامزد ملزم رستم جونیجو، ان کے چچازاد بھائی کامران جونیجو اور شمعون جونیجو ضمانت پر ہیں۔عدالت نے فریقین کو 16 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

گڈی کا کہنا ہے: "رستم جونیجو اور ان کے ساتھی انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے میری ماں سے کہا ہے کہ گڈی کو ہمارے حوالے کرو اور اس کے عوض 20 ہزار روپے اور آدھا من آٹا لے لو وگرنہ اچھا نہیں ہو گا۔"

اس کیس کے مرکزی ملزم رستم جونیجو ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہوں نے گڈی کولہی کو اغوا نہیں کیا بلکہ اس نے اپنے مرضی سے ان کے ساتھ نکاح کیا ہے۔

"میرا ان کے گھر آنا جانا تھا۔ اس دوران اسے مجھ سے محبت ہو گئی اور ہم دونوں نے ضلع عمرکوٹ کی تحصیل سامارو میں پیر سرہندی کے ہاں نکاح کیا۔ گڈی نے وہیں اسلام قبول کیا تھا اور اس کا اسلامی نام امامت رکھا گیا۔ میرے پاس گڈی کے مذہب تبدیل کرنے کی سند ہے۔"

گڈی کولہی کے ماموں رام چند کہتے ہیں کہ ان کی بھتیجی نابالغ ہے اور اس کے مذہب کی تبدیلی کی بات سراسر جھوٹ ہے۔

سماجی کارکن پشپا کماری اس معاملے پر رائے دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ہندو کمیونٹی کی لڑکیاں ناجائز مقاصد کے لئے بااثر افراد کا آسان ہدف ہوتی ہیں کیونکہ ان کی کہیں داد رسی نہیں ہوتی۔

"اگر کوئی بالغ فرد مذہب تبدیل کرنا چاہتا ہے تو اسے یہ حق حاصل ہے مگر پہلے اس کی عمر کا تعین ہونا ضروری ہے۔ ہندو برادری کی نابالغ لڑکیوں کو ورغلا کر صرف شادی کے لیے ایک تبدیلی مذہب کی سند بنوائی جاتی ہے جس کے ردعمل میں ریاست کچھ بھی نہیں کرتی۔ ان حالات میں خاص طور اوڈ، بھیل اور کولہی کمیونٹی ملک چھوڑنے پر مجبور ہے۔"

صوبہ سندھ میں قانونی طور پر شادی کے وقت لڑکی کی عمر کم از کم 18 برس ہونا لازمی ہے۔ مگر اس کے باوجود کم عمری کی شادی کے واقعات تسلسل سے سامنے آتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ویرجی کولہی کہتے ہیں کہ "یہ معاملہ جبری مذہبی تبدیلی کا نہیں بلکہ یہ ایک مجرمانہ سوچ کا تسلسل ہے جو کسی ذات پات یا مذہب کو نہیں دیکھتی۔ سندھ میں لڑکیوں کا اغوا یا ان کی زبردستی شادی محض ہندو برادری تک محدود نہیں ہے۔ مسلم لڑکیاں بھی اس ظلم کا شکار ہوتی ہیں۔ چونکہ غیر مسلم تعداد میں کم ہیں اس لیے ان کے ساتھ ہونے والے واقعات جلدی منظر عام پر آجاتے ہیں۔"

ویرجی کولہی کے مطابق خاص بات یہ ہے کہ ایسے واقعات میں غیر مسلموں کی جانب سے پُرزور ردعمل نہیں آتا کیوں کہ ان سے زیادتی کرنے والے لوگ طاقت ور اور بااثر ہوتے ہیں۔

"عام طور پر جن لڑکیوں کے مذہب کی تبدیلی کا معاملہ سامنے آتا ہے ان کی عمر کا ریکارڈ تحریری طور پر کہیں موجود نہیں ہوتا۔ اسی وجہ سے شک کا فائدہ ان عناصر کو مل جاتا ہے جو لڑکیوں کو اپنے قبضے میں رکھنا چاہتے ہیں۔"

یہ بھی پڑھیں

postImg

مسیحی لڑکیوں کا اغوا اور جبری شادی: 'کسی شہری کو دوسروں پر اپنا عقیدہ مسلط کرنے کا کوئی حق نہیں'۔ 

قانونی ماہر منور پلی کا کہنا ہے کہ ملک میں جب اس نوعیت کے کیس سامنے آتے ہیں تو زیادہ تر یہ کہا جاتا کہ لڑکی یا عورت کو اغوا کیا گیا ہے۔ لیکن پاکستان پینل کوڈ میں کوئی ایسا سیکشن نہیں جس میں جبراً کسی کا مذہب تبدیل کرانے کی کوئی سزا مقرر کی گئی ہو۔ جبری تبدیلی مذہب کے خلاف بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا لیکن اسے منظوری نہیں مل سکی۔

سنٹر فار سوشل جسٹس کے مطابق 2021ء میں سندھ میں جبری تبدیلی مذہب کے 78 کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2022ء میں یہ تعداد بڑھ کر 124 ہو گئی جن میں 81 ہندو، 42 مسیحی اور ایک سکھ خاتون کا مذہب زبردستی تبدیل کرائے جانے کی رپورٹیں درج کرائی گئیں۔

گڈی کولہی کہتی ہیں "مجھے عدالتوں سے تو انصاف کی امید ہے البتہ بااثر لوگوں نے ہمارا  جینا دوبھر کر دیا ہے اور ہمیں مقدمے سے دستبردار ہونے کے لئے کہا جا رہا ہے لیکن جو کچھ بھی ہو جائے میں انصاف کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹوں گی"۔

تاریخ اشاعت 15 مئی 2023

آپ کو یہ رپورٹ کیسی لگی؟

author_image

اختر حفیظ سندھی زبان کے افسانہ نگار اور صحافی ہیں۔ وہ ایک سندھی روزنامہ سے وابستہ ہیں۔

thumb
سٹوری

آخر ٹماٹر، سیب اور انار سے بھی مہنگے کیوں ہو گئے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceحلیم اسد
thumb
سٹوری

کھیت ڈوبے تو منڈیاں اُجڑ گئیں: سیلاب نے سبزی اور پھل اگانے والے کسانوں کو برسوں پیچھے دھکیل دیا

arrow

مزید پڑھیں

User Faceمحسن مدثر

"کوئلے نے ہمارے گھڑے اور کنویں چھین کربدلے میں زہر دیا ہے"

thumb
سٹوری

بلوچستان 'ایک نیا افغانستان': افیون کی کاشت میں اچانک بے تحاشا اضافہ کیا گل کھلائے گا؟

arrow

مزید پڑھیں

سجاگ رپورٹ
thumb
سٹوری

بجلی بنانے کا ناقص نظام: صلاحیت 45 فیصد، پیداوار صرف 24 فیصد، نقصان اربوں روپے کا

arrow

مزید پڑھیں

User Faceعبداللہ چیمہ
thumb
سٹوری

باجوڑ کا منی سولر گرڈ، چار سال بعد بھی فعال نہ ہو سکا، اب پینلز اکھاڑنا پڑیں گے

arrow

مزید پڑھیں

User Faceشاہ خالد
thumb
سٹوری

گوادر کول پاور پلانٹ منصوبہ بدانتظامی اور متضاد حکومتی پالیسی کی مثال بن چکا

arrow

مزید پڑھیں

User Faceعاصم احمد خان
thumb
سٹوری

اینٹی ریپ قوانین میں تبدیلیاں مگر حالات جوں کے توں: "تھانے کچہری سے کب کسی کو انصاف ملا ہے جو میں وہاں جاتا؟"

arrow

مزید پڑھیں

ماہ پارہ ذوالقدر

'کوئلے کے پانی نے ہمیں تباہ کردیا'

thumb
سٹوری

آئے روز بادلوں کا پھٹنا، جھیلوں کا ٹوٹنا: کیا گلگت بلتستان کا موسمیاتی ڈھانچہ یکسر بدل رہا ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceفہیم اختر
thumb
سٹوری

بپھرتے موسموں میں پگھلتے مسکن: کیا برفانی چیتوں کی نئی گنتی ان کی بقا کی کوششوں کو سہارا دے پائے گی؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceشازیہ محبوب
thumb
سٹوری

تھر،کول کمپنی"بہترین آبی انتظام کا ایوارڈ" اور گوڑانو ڈیم میں آلودہ پانی نہ ڈالنےکا حکومتی اعلان

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاشفاق لغاری
Copyright © 2025. loksujag. All rights reserved.
Copyright © 2025. loksujag. All rights reserved.