چار بچوں کی ماں سکینہ بی بی کندیاں ریلوے جنکشن کے قریب کچی آبادی میں گزشتہ 10 سال سے مقیم ہیں۔ ان کی عمر 30 سال ہے اور وہ دن بھر اپنے شوہر کے ساتھ کچرا اور کاٹھ کباڑ اکھٹا کرتی ہیں تاکہ اسے بیچ کر کچھ کما سکیں۔ مناسب خوراک نہ ملنے اور کام کی زیادتی سے ان کی صحت دن بدن گر رہی ہے۔
سکینہ کا کہنا ہے کہ چھ ماہ قبل اپنی بچی کی پیدائش سے پہلے ہی وہ خون کی کمی کا شکار تھیں۔ مناسب مقدار میں ماں کا دودھ نہ ملنے سے ان کی بیٹی لاغر ہوتی جا رہی ہے اور اس کا وزن بھی گر رہا ہے۔ سکینہ کے مطابق ان کے ہاں اتنا دودھ نہیں اترتا کہ بچی کا پیٹ بھر سکے۔
ماہرین صحت کے مطابق حاملہ ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش اور دودھ پلانے تک عورت کو مناسب خوراک اور آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر مائیں کمزور ہوں تو نحیف اور لاغر بچے پیدا ہونے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔
قومی غذائی سروے 2018ء کے مطابق پاکستان میں ماں بننے کی عمر میں تقریباً ساڑھے 41 فیصد عورتیں انیمیا یا خون کی کمی کا شکار ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کی صحت کے لیے بہت مفید ہوتا ہے۔ یہ بچے کو متعدی بیماریوں اور انفیکشن سے بچانے کے ساتھ نظام انہظام کو درست رکھتا ہے۔ اس سے دست اور قے سے بچاؤ میں بھی مدد ملتی ہے۔ ادارے کے مطابق چھ ماہ تک کے بچوں کو صرف ماں کا دودھ پلایا جائے۔
قومی غذائی سروے کے مطابق پاکستان میں 48 فیصد مائیں ہی بچوں کو اپنا دودھ پلاتی ہیں اور صوبہ پنجاب میں یہ شرح سب سے کم ہے۔
غیر سائنسی اور سنی سنائی باتوں کے باعث بھی بعض مائیں بچوں کو اپنا دودھ نہیں پلاتیں۔
25 سالہ نوراں بی بی اسی علاقے میں رہتی ہیں جہاں سکینہ کی رہائش ہے۔ پچھلے سال انہیں چھاتی کا سرطان ہوا جس کا انہوں نے آپریشن کروایا ہے۔
نوراں کا کہنا ہے کہ جنوری 2022ء میں ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا۔ ابتدا میں اسے دودھ پینے میں دقت ہوتی تھی لیکن بعدازاں اس نے ایک چھاتی سے دودھ پینا شروع کر دیا۔ انہیں کسی خاتون نے کہا کہ تمہارا دودھ کڑوا ہے اس لیے بچہ نہیں پیتا۔
نوراں نے بتایا کہ کے بیٹے کی عمر دو ماہ تھی جب انہوں نے خاتون کی بات مانتے ہوئے اسے بھینس کا دودھ دینا شروع کر دیا۔ کچھ عرصہ بعد انہیں محسوس ہوا کہ انہیں چھاتی میں سختی محسوس ہوئی اور پھر درد اور بخار رہنے لگا۔ ابتدا میں انہوں نے گھریلو ٹوٹکے استعمال کیے لیکن کوئی فرق نہ پڑا۔
ستمبر 2022 میں انہوں نے کندیاں کے گھنڈی ہسپتال میں چیک اپ کرایا جہاں سے انہیں میانوالی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ریفر کیا گیا۔ وہاں گائناکالوجسٹ نے بتایا کہ انہیں چھاتی کا کینسر لاحق ہے جو پھیل رہا ہے اور آپریشن کر کے اسے ختم کرنا ہو گا۔
نوراں سمجھتی ہیں کہ اپنا دودھ نہ پلانے کے سبب نہ صرف ان کا بچہ بلکہ وہ خود بھی متاثر ہوئیں۔
اس ہسپتال کی ڈاکٹر آمنہ شفیق کہتی ہیں کہ ان کے پاس کچی آبادیوں سے آنے والی بیشتر خواتین انیمیا یا خون کی کمی کا شکار ہوتی ہیں۔ انہیں مناسب خوراک اور پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہوتا۔ان پر کام کا بوجھ بھی عام عورتوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان میں اتنی طاقت نہیں ہوتی کہ بچے کو ٹھیک سے اپنا دودھ پلا سکیں جس کا اثر بچے کی صحت پر پڑتا ہے۔ غذائی قلت کی شکار ایسی بہت سی خواتین زچگی کے دوران انتقال کر جاتی ہیں۔
مسز طاہر کندیاں کے ایک نجی کالج میں پڑھاتی ہیں۔ وہ اپنے نومولود بچے کو اپنا دودھ پلاتی ہیں اور بعض اوقات نقاہت کے باوجود اس میں کوتاہی نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مناسب اور متوازن خوراک نہ ملنے سے ماں کا دودھ کم پیدا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
'مہنگا علاج ہر کسی کے بس میں نہیں ہوتا': بلوچستان میں چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین کی مسیحائی کون کرے گا؟
ڈاکٹر آمنہ شفیق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دودھ پلانے کے معاملے میں ماں پر مختلف عوامل اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس عمل کے لیے خاندان کی طرف سے تعاون، ذاتی آرام اور مناسب خوراک کا ہونا لازمی ہے۔
ان کے مطابق مسلسل چھ ماہ تک دودھ پلانے سے رحم کے کینسر کا خطرہ 11 فیصد کم ہو جاتا۔ چھاتی کے سرطان کا امکان بھی کم ہوتا ہے۔ ماں کا دودھ انفیکشن سے بچانے والی ویکیسین اور دیگر پروٹین سے بھر پور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دودھ میں موجود فیٹی ایسڈ بچے کے دماغ کی نشوونما میں بھی مدد دیتے ہیں۔
2 ستمبر کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح کندیاں میں بھی 'گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک' منایا گیا۔ اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکر فرزانہ کوثر نے بتایا کہ بریسٹ فیڈنگ ویک میں عورتوں کو ماں کی صحت اور متوازن غذا کے استعمال اور بچے کو دودھ پلانے کے درست طریقوں سے متعلق آگاہی دی گئی۔ ان کا کہنا تھا پسماندہ علاقوں کی خواتین روایتی جھجھک کے باعث ایسے مسائل میں رہنمائی لینے سے کتراتی اور اپنا مرض چھپاتی ہیں جس سے ان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
تاریخ اشاعت 28 ستمبر 2023