راوی ریور فرنٹ منصوبہ: گندے راوی پر' خوابوں کے شہر' کی تعمیر کتنی حقیقت پسندانہ ہے؟

postImg

تنویر احمد

loop

انگریزی میں پڑھیں

postImg

راوی ریور فرنٹ منصوبہ: گندے راوی پر' خوابوں کے شہر' کی تعمیر کتنی حقیقت پسندانہ ہے؟

تنویر احمد

loop

انگریزی میں پڑھیں

دریا کے بیچوں بیچ ایک جزیرے پر آسمان کو چھوتی کئی چمکدار عمارتیں بنی ہیں جن میں سے ہر ایک کا رخ پانی کی طرف ہے۔ ان کے آس پاس گزرتی شفاف اور کشادہ سڑکوں کے کنارے ہرے بھرے درخت کھڑے ہیں۔ جزیرے کے ایک بڑے حصے پر ایک وسیع و عریض پارک ہے جس کے سر سبز لان اور سفید محرابیں اسے زمانہِ قدیم کی کسی شاہی سیر گاہ کا ہم پلہ بنا رہے ہیں۔ اس میں بچے کھیل رہے ہیں، جوان لوگ چل پھر رہے ہیں اور بڑے بوڑھے ٹولیوں میں بیٹھے خوش گپیاں کر رہے ہیں۔

2200 ایکڑ پر پھیلے ہوئے اس جزیرے کے دونوں طرف دریا کا نیلا پانی بہہ رہا ہے جو اس قدر صاف ہے کہ اس میں تیرتی مچھلیاں اور دوسرے آبی جانور بآسانی دیکھے جا سکتے ہیں۔ دریا کے دونوں اطراف دور دور تک گھنے درخت دکھائی دیتے ہیں اور اس کی شفاف سطح پر رنگ برنگی کشتیاں چل رہی ہیں جن میں بیٹھے لوگ اس تمام خوش نما منظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کچھ لوگ دریا پر بنے مختلف پلوں سے اس کا نظارہ کر رہے ہیں۔

اگر لاہور کے شمالی پہلو میں بہتے غلاظت بھرے دریائے راوی سے واقف کسی بھی شخص کو یہ منظر دکھایا جائے تو اس کو کبھی یقین نہیں آئے گا کہ اس دریا کے اندر اس طرح کا کوئی خوابوں کا جزیرہ بسایا جا سکتا ہے۔ لیکن پنجاب حکومت کے پالیسی سازوں کا خیال ہے کہ وہ نا صرف اس بہشتی نظارے کو زمین پر لا سکتے ہیں بلکہ اس کے ارد گرد وہ تمام ضروری سہولیات بھی تعمیر کر سکتے ہیں جو دنیا کے کسی بھی جدید شہر میں ہونی چاہئیں۔ ان میں 18 لاکھ گھروں پر مشتمل ایک رہائشی منصوبہ، تقریباً پانچ ہزار پانچ سو ایکڑ پر مشتمل میڈیکل سٹی، تقریباً چار ہزار ایکڑ پر مشتمل فنانس سٹی، پانچ ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا نالج سٹی اور ہزاروں ایکڑ پر مشتمل کھیلوں کے میدان، تفریحی سہولتیں اور ماحولیاتی ضروریات کو پیشِ نظر رکھ کر بنائے گئے زرعی فارم شامل ہیں۔

مجموعی طور پر ایک لاکھ دو ہزار ایکڑ پر پھیلے ہوئے اس منصوبے کو راوی ریور فرنٹ اربن ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ (Ravi River Front Urban Development Project)  کا نام دیا گیا ہے۔ اسے سیلاب سے بچانے کے لئے ایک کلومیٹر لمبے اور 25 فٹ چوڑے 3 بیراج بنائے جائیں گے جو مجموعی طور پر پانچ لاکھ 86 ہزار کیوبک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے بہنے والے پانی کو روکنے کے قابل ہوں گے (جو راوی میں پچھلے 79 سال میں آنے والے تیز ترین سیلابی ریلے کی رفتار سے 86 ہزار کیوبک میٹر فی سیکنڈ زیادہ ہے)۔ ان میں سے پہلا بیراج شمالی لاہور کے علاقے شاہدرہ   میں مغل بادشاہ جہانگیر کے مقبرے کے سامنے بنایا جائے گا، دوسرا چند میل جنوب  مغرب میں اس جگہ بنایا جائے گا جہاں لاہور-اسلام آباد موٹر وے دریا پر سے گزرتی ہے اور تیسرا بیراج مزید چند میل جنوب مغرب میں موہلن وال نامی آبادی کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔

ستمبر 2020 میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ سرکاری تخمینوں کے مطابق اس پر 50 کھرب روپے خرچہ آئے گا جس کا ایک بڑا حصہ نِجی سرمایہ کاری کے ذریعے اکٹھا کیا جائے گا جبکہ باقی رقم سرکاری خزانے سے فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کے انتظامی اور تکنیکی امور کی نگرانی کے لئے پنجاب کی صوبائی حکومت نے اس سال کے شروع میں راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی  (Ravi Urban Development Authority)  کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کیا ہے جس میں کام کرنے والے لوگوں کی تنخواہ اور ان کی دی جانے والی دیگر سہولیات حکومت خود ہی ادا کر رہی ہے۔ 

لوگوں کے خدشے بمقابلہ حکومت کے خواب

پنجاب حکومت نے 22 فروری 2020 کو ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے تحت لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ راوی کے اِرد  گِرد واقع نِجی اور سرکاری زمینیں اس منصوبے کو رو بہ عمل لانے کے لئے اپنے کنٹرول میں لے آئے۔ لیکن 6 اکتوبر 2020 کو یہ نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا۔ اس کی واپسی کے سرکاری حکم نامے میں راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی طرف سے ایک روز پہلے لکھے گئے ایک خط اور یکم اکتوبر 2020 کو وزیرِاعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس کا بھی حوالہ دیا گیا جس پر ماحولیاتی امور کے وکیل رافع عالم جیسے لاہور کے معاملات پر نگاہ رکھنے والے کئی لوگوں نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جلد ہی ایک نیا سرکاری نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا جس میں زمین کو کنٹرول میں لینے کا اختیار  راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو سونپ دیا جائے گا۔ 

ان انتظامی تبدیلیوں سے قطع نظر سرکاری اہل کار بڑی تیزی سے ایسے گھروں اور زرعی زمینوں پر نشان لگا رہے ہیں جنہیں حکومتی کنٹرول میں لیا جانا ہے۔ ان کی کارروائیوں کے نتیجے پچپن سالہ رخسانہ بی بی جیسے ان بیسیوں ہزار لوگوں میں شدید بےچینی پائی جاتی ہے جو راوی کنارے بستیوں میں رہتے ہیں۔

رخسانہ اپنی چھ بیٹیوں اور تین بیٹوں کے ساتھ گزشتہ آٹھ سال سے جھگیاں نامی گاؤں میں رہ رہی ہیں اور ایک کمرے پر مشتمل اپنے گھر کے دروازے پر پریشان بیٹھی ہیں۔ انہوں نے اگرچہ خود کو گرم چادر سے ڈھانپ رکھا ہے لیکن ان کے پاؤں میں جوتا نہیں ہے۔ وہ اس دن سے بخار میں مبتلا ہیں جس دن سرکاری اہل کاروں نے ان کے گھر سمیت تین سو مقامی رہائش گاہوں پر نشانات لگائے۔ 

ان کی بیٹیاں پھول چنتی ہیں جن کو وہ ہاروں کی شکل میں پرو کر بیچتی ہیں۔ ان کے بیٹے ایک نزدیکی گاؤں میں نان اور دال کی ٹکیاں بیچتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں: 'ہار بناتے بناتے میری بیٹیوں کے ہاتھ سویوں سے چھلنی ہو گئے ہیں تب جا کر کہیں ہمیں یہ چھت ملی ہے'۔

جھگیاں لاہور کے ایئر پورٹ سے شاہدرہ کی طرف آنے والے رِنگ روڈ کے دائیں جانب واقع ہے۔ اس کے شمال میں بہت سی زرعی زمین ہے جو دریا تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں رہنے والے لوگ زیادہ تر محنت کش ہیں جو لاہور کے مختلف کاروباری علاقوں – مصری شاہ، بادامی باغ، لاری اڈہ ، میوہ منڈی اور سبزی منڈی -- میں کام کرتے ہیں۔ اس کے نزدیکی گاؤں بھماں اور کھوکھراں میں بھی گھروں پر سرکاری نشان لگائے جا رہے ہیں۔

جگھیاں کی ایک اور رہائشی شبانہ بی بی کو بھی اپنا گھر چھن جانے کا خوف ہے۔ ان کے شوہر مزدوری کرتے ہیں اور انہوں نے بینک سے قرضہ لے کر ڈیڑھ مرلے کا مکان بنایا ہے۔ آنسو بھری آنکھوں کے ساتھ کپکپاتی ہوئی آواز میں وہ کہتی ہیں:  ہم اکیس سال کرائے کے مکان میں رہے ہیں لیکن جس گھر کو ہم نے اتنی مشکل سے بنایا اسے اب ہم سے لیا جا رہا ہے'۔
وہ پریشان ہیں کہ گھر نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے بچوں کو کہاں لے جائیں گی۔

پچیس سالہ مقامی نوجوان کرامت علی کو بھی اسی طرح کا شکوہ ہے۔ وہ ایک ہاتھ اور ایک پاؤں سے محروم ہیں اور کہتے ہیں: 'اپنی اس حالت کے باوجود میں نے محنت مزدوری کی۔ میری بیوی نے لوگوں کے گھروں میں کام کیا۔ تا کہ ہم اپنا بچوں کے رہنے کے لئے دو مرلے کا یہ مکان بنا سکیں لیکن اب (وزیرِ اعظم) عمران خان کہتا ہے کہ ہم یہ مکان گرا دیں گے'۔

کرامت علی یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ 'ہمارے گھر گرانے سے پہلے حکومت کو ہمیں مارنا ہوگا'۔

پچپن سالہ زبیدہ بی بی بھی اسی عزم کا اظہار کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر تیرہ سال میں اپنا مکان بنایا ہے لہٰذا 'اگر کسی کا خیال ہے کہ وہ ہمارا گھر گرا دے گا تو یہ اس کی بھول ہے'۔

وہ حکومت کو خبردار کرتی ہیں کہ 'مجھے بے شک گولی مار کر اس مکان میں دفن کر دیں لیکن میں اسے نہیں چھوڑوں گی'۔

راوی ریور فرنٹ منصوبے کے لیے مختص کی گئی زمین اب کس طرح استعمال ہو رہی ہے 

 دریا او دریا!

1990 کے بعد راوی میں پانی کا بہاؤ کم ہونا شروع ہوا تو یہ دریا سیاحوں سے زیادہ زمین کی خرید و فروخت کرنے والے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ یوں اس کے کناروں پر آبادیاں بننا شروع ہوئیں جو بڑھتے بڑھتے اس کے پاٹ تک پہنچ گئی ہیں۔

اس خرید و فروخت میں اکثر لوگوں نے یہ بھی نہیں سوچا کہ اس کی زمین کا اصل مالک کون ہے۔ اسی وجہ سے جھگیاں میں لوگوں نے اپنے گھر بنانے کے لیے زمین کے مبینہ مالکان کو لاکھوں روپے تو ادا کیے ہیں لیکن ان میں سے اکثر کے پاس اپنے گھروں کے مالکانہ حقوق نہیں۔

دوسری طرف جیسے جیسے دریا پر رہنے والے لوگوں کی تعداد بڑھتی گئی ہے دریا خود سکڑتے سکڑتے ایک گندے نالے کی شکل اختیار کرتا گیا ہے۔ 

محمد منظور نامی ملاح  گزشتہ بتیس سال سے راوی میں واقع ایک مغل بارہ دری کے آس پاس کشتی چلا رہے ہیں۔ انہیں یاد ہے کہ کس طرح 1988 میں دریا میں اونچے درجے کا سیلاب آیا جس سے اس کے کناروں پر آباد کئی آبادیاں ڈوب گئیں۔ حالانکہ دریا اس وقت بہت چوڑا تھا  اس کے باوجود تین لاکھ کیوبک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے بہنے والا پانی اس میں سما نہیں سکا۔ 'چنانچہ لاہور کو بچانے کے لئے دریا کے شمالی کنارے پر بنے بند توڑ دیے گئے جس کے نتیجے میں جڑانوالہ جانے والی سڑک سات سے اٹھ فٹ گہرے پانی میں ڈوب گئی'۔

لیکن اب دریا کا پاٹ اس قدر کم ہو گیا ہے کہ اس سے کہیں کم رفتار سے بہنے والا سیلاب ہی بہت بڑی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہری اور صنعتی فضلے کی دریا میں مسلسل شمولیت سے اس کا پانی انتہائی زہریلا ہو چکا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک رپورٹ میں ورلڈ وائیڈ فنڈ برائے نیچر پاکستان کے 2014 کے تجزیے کا ذکر کیا گیا ہےجس میں شہری فضلہ اور صعنتوں کا آلودہ پانی راوی میں ملنے کی وجہ سے اسے 'پنجاب کا آلودہ ترین دریا' قرار دیا گیا۔

پچھلے کچھ سالوں میں دریا کی آلودگی کو کم کرنے کی کئی کوششیں کی گئی ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی کامیاب نہیں ہو سکی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے 2017 میں جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق 2009 میں بین الاقوامی امداد کے جاپانی ادارے (جائیکا) کے مالی تعاون سے حکومتِ پنجاب نے راوی کے گندے پانی کو صاف کرنے کے ایک منصوبے کی فزیبیلٹی سٹڈی تیار کی جس پر عمل درآمد کے لئے 413 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری درکار تھی۔ اسی طرح ایک فرانسیسی کنسلٹنٹ کی تیار کردہ فزیبیلٹی سٹڈی کے مطابق اس کے لئے  118 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری چاہئے تھی۔

2012 میں لاہور ہائی کورٹ نے بھی راوی کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے ایک کمیشن قائم کیا جس نے پانچ لاکھ ڈالر کی لاگت سے بننے والے ایک ایسے منصوبے کی تجویز دی جس کے تحت دریا میں زہریلے مادے ختم کرنے والے پودے لگائے جانے تھے۔

رافع عالم اس کمیشن کے رکن تھے۔ وہ ماحولیاتی امور کے وکیل بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے: 'ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک سٹڈی میں پتا چلا ہے کہ لاہور میں داخل ہونے سے پہلے راوی کا پانی صاف ہے اور اس میں مچھلیاں بھی موجود ہیں'۔ لہٰذا اس سٹڈی میں تجویز دی گئی کہ اس علاقے کو مضر ماحولیاتی اثرات سے بچانے کے لئے اسے ایک نیشنل پارک بنا دیا جائے 'جہاں کسی قسم کی تعمیرات کرنے اور صنعتیں لگانے کی اجازت نہ ہو بس فصلیں اور پارک ہوں اور روز مرہ استعمال کی اشیا کے کچھ سٹور ہوں'۔

منصوبے باندھتا ہوں توڑ دیتا ہوں

راوی کے اندر شہر بسانے کا منصوبہ نیا نہیں۔ اس سے پہلے دو حکومتیں  ایسے منصوبے تیار کر چکی ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔
پہلا منصوبہ 05-2004 میں سامنے آیا۔ لیکن جب اس وقت کی صوبائی حکومت نے اس کے لئے زمینوں کو سرکاری کنٹرول میں لینے کا عمل شروع کیا تو اس سے متاثر ہونے والے لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ مزید برآں حکومت اس منصوبے کے لئے درکار خطیر رقم کا بندو بست بھی نہ کر سکی۔

14-2013 میں ایک بار پھر صوبائی حکومت نے سنگاپور کی ایک انجینئرنگ کمپنی مائن ہارٹ سے ایک فزیبیلٹی سٹڈی تیار کرائی جس میں کہا گیا کہ ایک لاکھ ایکڑ پر مشتمل نئے شہر کو بسانے سے پہلے دریا کے بہاؤ کو مرکوز کرنا اور اس کو ایک چینل میں ڈالنا نا گزیر ہے لیکن صرف اسی عمل کے لئے تقریباً 183 بلین پاکستانی روپے، 10901 ایکڑ زمین اور تیس سال کا وقت درکار ہے۔

مائن ہارٹ نے یہ بھی کہا کہ خالی دریا کے ارد گرد لوگ رہنا پسند نہیں کرتے اس لئے راوی میں پورا سال پانی چلتا رکھنے کے لئے اپر چناب اور بمبانوالہ-بیدیاں نامی نہروں سے کم سے کم 600 کیوبک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے بہتا پانی دریا میں شامل کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اس کے علاوہ لاہور کے گندے پانی کو صاف کر کے راوی میں ڈالنے کے لئے کئی پلانٹ بھی لگانا پڑیں گے ورنہ دریا اسی طرح آلودہ رہے گا جیسے اب ہے۔

یہ بھی پڑھیں

postImg

راوی اربن ڈویلمپنٹ اتھارٹی کی نیلامی جیتنے والی کمپنی: نیا ناظم آباد سے راوی ریور فرنٹ تک

اس سٹڈی میں یہ بھی کہا گیا کہ صرف دریا کی بحالی کا عمل ہی اس کے آس پاس موجود تین جنگلوں میں سے ایک (انو بھٹی) کو پورا، دوسرے (کروتانا) کو آدھا اور تیسرے (شاہدرہ) کو جزوی طور پر ختم کر دے گا۔ اسی طرح نواسی ہزار ایکڑ زرعی زمین اور کئی رہائشی بستیاں بھی شہر بسانے کے پورے منصوبے کی نذر ہو جائیں گی۔

ان تمام وجوہات کی بنا پر اور شہریوں کے احتجاج کے نتیجے میں اس وقت کی حکومت نے یہ منصوبہ سرد خانے میں ڈال دیا۔ لیکن گزشتہ سال موجودہ حکومت نے مائن ہارٹ کی اسی رپورٹ کی تجدید کروائی اور اِس سال اِس منصوبے کے بارے میں سرمایہ کاروں کو آگاہ کرنے کے لئے ایک تشہیری مہم بھی شروع کر دی۔

لیکن رافع عالم کو اس کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ وہ کہتے ہیں: 'اگر آپ اس کو ممکن بنانا چاہتے ہیں تو دریا میں پانی لانا لازمی ہے لیکن چونکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت انڈیا کو راوی کا پورا پانی استعمال کرنے کا مکمل حق ہے اس لئے اس مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ زرعی آبپاشی کے لئے مختص نہری پانی لاہور سے پہلے دریا میں ڈالا جائے اور چند میل بعد واپس نہروں میں پہنچا دیا جائے'۔

اگرچہ نہری پانی کا رخ بدلنے کا یہ منصوبہ بہت بڑی سرمایہ کاری کے بغیر ممکن نہیں تاہم اگر کسی طرح اس پر عمل درآمد ہو بھی جائے تو، رافع عالم کے بقول، اس نہری پانی کو آلودگی سے بچانے کے لئے یا تو لاہور کا گندہ پانی راوی میں بالکل ہی نہ ڈالا جائے یا اس کو اس قدر صاف کر دیا جائے کہ اس میں پائے جانے والے مضر کیمیائی اور نباتاتی مادے بالکل ختم ہو جائیں۔ 'اس کام کے لئے پانی صاف کرنے والے بارہ پلانٹ چاہئیں جن کی قیمت پانچ کھرب روپے ہے'۔

ایف سی کالج یونیورسٹی میں نباتاتی سائنس پڑھانے والے ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک اس منصوبے کو راوی کی بہتری نہیں بلکہ تباہی کا باعث سمجھتے ہیں کیونکہ اس کے تحت ان زمینوں پر تعمیرات کی جائیں گی جن پر دریا سیلاب کے زمانے میں قدرتی طور پر پھیلتا ہے۔وہ لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے بنائے گئے راوی کمیشن کے سربراہ رہے ہیں اور اس منصوبے کو محض زمین کی خرید و فروخت کا ایک طریقہ سمجھتے ہیں جو ان کے بقول حکومت کی طرف سے تعمیراتی صنعت کو دی جانے والی حالیہ مراعات کا حصہ ہے۔
وہ کہتے ہیں: 'ہم صنعتیں لگانے اور کاروبار کو فروغ دینے پر توجہ نہیں دیتے بلکہ ہماری نفسیات بن چکی ہے کہ زمین اور اس پر ہونے والی تعمیرات ہی ترقی کا واحد ذریعہ ہیں'۔

یہ رپورٹ لوک سجاگ نے پہلی دفع 21 نومبر 2020 کو اپنی پرانی ویب سائٹ پر شائع کی تھی۔

تاریخ اشاعت 6 اکتوبر 2021

آپ کو یہ رپورٹ کیسی لگی؟

author_image

تنویر احمد شہری امور پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے ایم اے او کالج لاہور سے ماس کمیونیکیشن اور اردو ادب میں ایم اے کر رکھا ہے۔

thumb
سٹوری

زرعی انکم ٹیکس کیا ہے اور یہ کن کسانوں پر لاگو ہوگا؟

arrow

مزید پڑھیں

عبداللہ چیمہ
thumb
سٹوری

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، عوام کے تحفظ کا ادارہ یا استحصال کاہتھیار؟

arrow

مزید پڑھیں

سہیل خان
thumb
سٹوری

کھانا بنانے اور پانی گرم کرنے کے لیے بجلی کے چولہے و گیزر کی خریداری کیوں بڑھ رہی ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

آصف محمود

پنجاب: حکومتی سکیمیں اور گندم کی کاشت؟

thumb
سٹوری

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے کاشتکار ہزاروں ایکڑ گندم کاشت نہیں کر پا رہے۔ آخر ہوا کیا ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceمحمد زعفران میانی

سموگ: ایک سانس ہی ہم پر حرام ہو گئی

thumb
سٹوری

خیبر پختونخوا میں ایڈز کے مریض کیوں بڑھ رہے ہیں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاسلام گل آفریدی
thumb
سٹوری

نئی نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج اور مظاہرے کیوں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceمنیش کمار
thumb
سٹوری

پنجاب: محکمہ تعلیم میں 'تنظیم نو' کے نام پر سکولوں کو'آؤٹ سورس' کرنے کی پالیسی، نتائج کیا ہوں گے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceنعیم احمد

برف کے پہاڑؤں پر موت کا بسیرا ہے، مگر بچے بھی پالنے ہیں

thumb
سٹوری

سموگ: یہ دھواں کہاں سے اٹھتا ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceآصف ری ، عبدالل

پرانی کیسٹس،ٹیپ ریکارڈ یا فلمی ڈسک ہم سب خرید لیتے ہیں

Copyright © 2024. loksujag. All rights reserved.
Copyright © 2024. loksujag. All rights reserved.