تربت میں عطا شاد لٹریری فیسٹیول عام ادبی میلوں سے کیسے مختلف تھا

postImg

اسد بلوچ

postImg

تربت میں عطا شاد لٹریری فیسٹیول عام ادبی میلوں سے کیسے مختلف تھا

اسد بلوچ

عطا شاد بلوچی اور اُردو زبان کے نامور شاعر ہیں۔ بلوچی زبان میں انہیں وہی مقام حاصل ہے جو اردو میں فیض احمد فیض کا ہے۔ 13 فروری کو ان کے یوم وفات پر ایک ادبی میلے (لٹریری فیسٹیول) کا اہتمام کیا گیا جو کئی اعتبار سے بلوچستان میں اپنی نوعیت کا انوکھا پروگرام تھا جسے صوبہ بھر کے علمی و ادبی منظرنامے پر خاص توجہ حاصل رہی۔

ضلع کیچ میں عطا شاد کے آبائی علاقے تربت میں ہونے والے اس تین روزہ میلے کا اہتمام بلوچستان اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ لٹریچر نے کیا تھا۔ یہ میلہ اس لیے بھی غیرمعمولی تھا کہ ضلع کیچ 2006 کے بعد سیاسی شورش کا ایک نمایاں مرکز رہا ہے۔ یہاں کتابوں کی دکانوں اور تعلیمی اداروں کے ہاسٹلوں پر چھاپے مارے گئے ہیں اور ترقی پسند ادب کی کتابیں ضبط کی جاتی رہی ہیں۔ ایسے واقعات میں طلبہ اور کتب فروشوں کی بڑی تعداد کو گرفتار بھی کیا گیا جس کے بعد تربت میں کتابوں کی دکانیں ختم ہو گئی تھیں۔

اس میلے میں بلوچ علم و ادب کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی کے علاہ تمام اہم مقررین کا تعلق بلوچی ادب اور بلوچ سیاست سے تھا جن میں معروف اشتراکی دانش ور ڈاکٹر شاہ محمد مری، چاچا اللہ بشک بزادر، ڈاکٹر واحد بخش بزدار، سعید تبسم مزاری اور اردو زبان کے شاعر وحید نور اور سانی سید نمایاں تھے۔
 

<p>معروف ماہر معیشت قیصر بنگالی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ  اس ادبی میلہ میں شریک ہوئے<br></p>

معروف ماہر معیشت قیصر بنگالی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ  اس ادبی میلہ میں شریک ہوئے

اس موقع پر عطا شاد کی شخصیت اور ان کی شاعری کے مختلف پہلوؤں پر کئی سیشن رکھے گئے تھے جن میں معروف ادیبوں نے خیال آرائی کی۔ اس کے ساتھ بلوچی زبان و سیاست، بلوچستان کی سماجی و معاشی اہمیت، سماجی ترقی میں عورت کا کردار، بلوچی ادب میں ترجمے کی اہمیت اور بلوچ ماخذ جیسے موضوعات پر گروہی مباحث (پینل ڈسکشنز) ہوئے۔

ایک اور خاص بات یہ بھی تھی کہ اس میلے کے اختتام پر ایک درجن کے قریب قراردادیں پیش کی گئیں جو موقع پر موجود بلوچ ادبا اور دانشوروں نے مشترکہ طور پر تیار کی تھیں۔ یہ ادبی میلوں میں ایک نئی روایت ہے۔ تین روز تک ہر سیشن میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ شریک ہوئے، جن میں نوجوان خواتین کی شرکت متاثر کن تھی۔

ستر سے زیادہ کتابوں کے مصںف ڈاکٹر شاہ محمد مری کا کہنا تھا کہ ''انسانی اجتماع، یکجائی اور آپس میں مختلف موضوعات پر بات چیت چند لمحوں کے لیے بھی بہت اہم ہوتی ہے اور یہاں تین روز تک یہ سب کچھ ہوا۔ یہ میلہ بلوچی ادب کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں آئے، مقررین کو سنا، سوال کیے، آپس میں خیالات، فکر اور لہجوں کا تبادلہ ہوا جس سے بلوچی ادب کو ترقی ملے گی۔''

اس میلے میں 35 لاکھ روپے مالیت کی کتابیں فروخت ہوئیں۔ لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ان کتابوں کے موضوعات دیگر شہروں میں ہونے والے ادبی میلوں میں بڑی تعداد میں فروخت ہونے والی کتابوں کے عام موضوعات سے یکسر مختلف تھے۔

کراچی سے آئے ناشر جاوید حسن نے لوک سجاگ کو بتایا کہ ملک بھر میں عام قاری اسٹال یا دکان پر آکر اپنی پسند کی کتابیں ٹٹول کر لیتا ہے مگر تربت کے قاری کو پہلے سے معلوم ہے کہ اسے کیا اور کسے پڑھنا ہے، وہ کتابیں ٹٹول کر وقت نہیں ضائع کرتا بلکہ اپنا انتخاب بتا کر کتاب مانگتا ہے اور یہ ایک گہرا فرق ہے۔ انہوں نے اپنا مشاہدہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ تین روز میں کسی قاری نے رجعتی موضوع پر کسی کتاب کے بارے میں نہیں پوچھا بلکہ ادب، سماج، تاریخ یا مذاہب کے درمیان تقابلی جائزے جیسے موضوعات پر کتابیں خریدی گئیں۔''

عطاشاد ادبی میلے میں بائیس ناشروں نے کتابوں کے سٹال لگائے تھے جن کا تعلق لاہور، کراچی، لاہور اورکوئٹہ جیسے بڑے شہروں کے علاوہ گوادر، پشکان اور کیچ سمیت بلوچستان کی بہت سی جگہوں سے بھی تھا۔

<p>اس تین روز ادبی میلہ میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی <br></p>

اس تین روز ادبی میلہ میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی

میلے کی میزبان بلوچستان اکیڈمی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے مالی مدد کا حصول ایک مشکل کام تھا لیکن جب انہوں نے اس کے انعقاد کی تیاریاں شروع کیں تو بہت سے ہم خیال لوگ ان کے ساتھ شامل ہوتے گئے اور مالی مدد سمیت ہر طرح کا تعاون بھی میسر آنے لگا اور وہ ناقابل یقین طور پر ایک کامیاب ادبی میلے کے انعقاد میں کامیاب رہے جس کی بلوچستان میں پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں

postImg

آرٹ اور ادب کے راستے شناخت کا سفر

میلے کا اختتام 15 فروری کی رات محفل مشاعرہ پر ہوا۔ اس سے قبل دو راتوں کو بلوچی کلاسیکل اور عام موسیقی کی نشستیں ہوئیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخری شب مشاعرے میں کم و بیش دو ہزار افراد موجود تھے۔
تربت یونیورسٹی کی طالبہ شاری بلوچ اس میلے میں خواتین کی بڑی تعداد کے آنے کو سماج میں انقلابی تبدیلی کا مظہر سمجھتی ہیں۔ کوہِ سلیمان کے علاقے سے آئے بلوچی زبان کے شاعر سعید تبسم مزاری کا کہنا ہے کہ عطا شاد ادبی میلے جیسی سرگرمیاں بلوچستان میں سماجی، سیاسی اور لسانی فاصلوں کو مٹائیں گی۔

تاریخ اشاعت 19 فروری 2023

آپ کو یہ رپورٹ کیسی لگی؟

author_image

اسد بلوچ کا تعلق تربت ضلع کیچ سے ہے۔ بلوچستان خصوصاً مکران کے سیاسی حالات اور موجودہ بلوچ شورش پر لوکل اخبارات اور ملکی سطح کے مختلف ویب سائٹس پر تبصرے اور تجزیہ لکھتے ہیں۔

thumb
سٹوری

چراغ تلے اندھیرا: سندھ میں شمسی توانائی کا 'انوکھا' منصوبہ

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاشفاق لغاری
thumb
سٹوری

پنجاب: زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پر چلانے کے منصوبے پر ماہرین کیوں تقسیم ہیں؟

arrow

مزید پڑھیں

آصف محمود
thumb
سٹوری

خیبرپختونخوا میں وفاقی حکومت کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کس حال میں ہیں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceسید زاہد جان
thumb
سٹوری

ملک میں بجلی کی پیداوار میں "اضافہ" مگر لوڈ شیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

آصف محمود
thumb
سٹوری

بلوچستان کے ہنرمند اور محنت کش سولر توانائی سے کس طرح استفادہ کر رہے ہیں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceشبیر رخشانی
thumb
سٹوری

سولر توانائی کی صلاحیت: کیا بلوچستان واقعی 'سونے کا اںڈا دینے والی مرغی" ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceحبیبہ زلّا رحمٰن
thumb
سٹوری

دیہی آبادی کے لیے بجلی و گیس کے بھاری بلوں کا متبادل کیا ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceعزیز الرحمن صباؤن
thumb
سٹوری

چمن و قلعہ عبداللہ: سیب و انگور کے باغات مالکان آج کل کیوں خوش ہیں؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceحضرت علی

اوور بلنگ: اتنا بل نہیں جتنے ٹیکس ہیں

thumb
سٹوری

عبدالرحیم کے بیٹے دبئی چھوڑ کر آواران کیوں آ گئے؟

arrow

مزید پڑھیں

User Faceشبیر رخشانی
thumb
سٹوری

"وسائل ہوں تو کاشتکار کے لیے سولر ٹیوب ویل سے بڑی سہولت کوئی نہیں"

arrow

مزید پڑھیں

User Faceاسلام گل آفریدی
thumb
سٹوری

لاہور کے کن علاقوں میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے؟

arrow

مزید پڑھیں

آصف محمود
Copyright © 2024. loksujag. All rights reserved.
Copyright © 2024. loksujag. All rights reserved.